جھنگ(شیخ غلام مصطفیٰ )جھنگ میں پیرانِ پیر حضرت سیدنا غوثِ اعظمؒ کی بڑی گیارہویں کے سلسلے میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں شہر بھر سے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ روح پرور ریلی ڈیرہ پیر پٹھان سے پیر آغا مصطفیٰ گیلانی کی زیرِ قیادت شروع ہوئی اور اپنے مخصوص روایتی انداز میں شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کلمہ چوک، نواز چوک، تھانہ صدر چوک اور ادھیوال چوک سے ہوتی ہوئی واپس اپنے آغاز مقام ڈیرہ پیر پٹھان پہنچی۔
شرکاء نے پورے راستے میں یا غوث الاعظم دستگیرؒ کے نعرے بلند کیے، درود و سلام اور نعتوں کی گونج نے فضا کو معطر کیے رکھا۔ قافلوں میں شامل عقیدت مند پھول نچھاور کرتے، بینرز اٹھائے اور سبز جھنڈے لہراتے رہے۔اس موقع پر پیر آغا مصطفیٰ گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سیدنا غوثِ اعظمؒ کی تعلیمات محبت، اخلاص، عدل اور خدمتِ خلق پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام نے دینِ اسلام کا پیغام امن و رواداری کے ساتھ عام کیا اور ہمیں چاہیے کہ ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں بھائی چارے کو فروغ دیں۔ریلی کے دوران روحانی فضاء دیدنی تھی، ہر طرف اللہ ہو اور غوثِ اعظم زندہ باد کے نعروں کی گونج سنائی دے رہی تھی۔ خواتین، بچے، بزرگ اور نوجوان سب ہی عقیدت کے رنگ میں رنگے ہوئے تھے۔
ریلی کے راستے میں جگہ جگہ گل پاشی کی گئی جبکہ مختلف مقامات پر شرکاء کے لیے لنگر اور شربت کا اہتمام بھی کیا گیا۔آخر میں پیر آغا مصطفیٰ گیلانی نے ملکی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔
شرکاء نے دعا کے دوران ہاتھ اٹھا کر آمین کہی اور یہ عہد کیا کہ وہ اولیائے کرام کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر محبت و امن کا پیغام عام کریں گے۔یہ روحانی اجتماع جھنگ کی مذہبی روایات اور عوام کے والہانہ عقیدت و احترام کی ایک روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +