جھنگ ( ) ظلم و بربریت کا افسوسناک واقعہ تھانہ شورکوٹ سٹی کی حدود پتن روڈ کے قریب سامنے آیا، جہاں پانچ طلباء کو حبسِ بے جا میں رکھ کر بدترین تشدد اور جبرًا نازیبا حرکات پر مجبور کیا گیا۔
اس شرمناک فعل کی ویڈیو منظرِ عام پر آتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے نہ صرف فوری نوٹس لیا بلکہ قانون کی طاقت کو بروئے کار لاتے ہوئے تینوں سفاک درندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کی بروقت کارروائی سے لاپتہ طلباء کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ گرفتار ملزمان ارقم اقبال، عبدالمونم اور ابوذر علی کے خلاف اغواء، اجتماعی زیادتی اور تشدد کی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں اس لرزہ خیز واردات کی مبینہ وجہ کھیل کے دوران ہونے والی تلخ کلامی سامنے آئی ہے۔تاہم تفتیش کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے۔ڈی پی او جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے کہا ہے کہ قانون شکنی کرنے والے ہرگز کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
حقائق کی روشنی میں ملزمان کی ہر حال میں سزا یابی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ یہ زمین ظالموں کے لیے تنگ اور مظلوموں کے لیے امن کا گہوارہ بن سکے۔جھنگ پولیس اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ معاشرے کو ظلم و جبر سے پاک کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، اور ہر مجرم کو اس کے انجام تک پہنچانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +