ہینڈ آؤٹ 19 ستمبر 2025
ڈسٹرکٹ کونسل جھنگ
سیلاب میں مثالی خدمات، ضلع کونسل جھنگ کے اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب
ملازمین نے تاریخ رقم کی، خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ چیف آفیسر مہر محمد اکرم بھروانہ
جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ ) حالیہ بدترین سیلاب کے دوران شاندار خدمات انجام دینے والے ضلع کونسل جھنگ کے آفیسران و اہلکاروں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت چیف آفیسر ضلع کونسل جھنگ مہر محمد اکرم بھروانہ نے کی جنہوں نے ملازمین کو شاباش دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سنہری حروف میں یادگار قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہر محمد اکرم بھروانہ نے کہا کہ تین ہفتوں سے زائد عرصہ جاری رہنے والے سیلاب کے دوران ضلع کونسل کے افسران و عملے نے جس جانفشانی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بروقت اعلانات، شہریوں کے محفوظ انخلاء، فلڈ ریلیف کیمپس میں تین وقت کا کھانا فراہم کرنا، ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لینا اور متاثرہ خاندانوں کی فوری بحالی جیسے اقدامات مثالی خدمت کی روشن مثال ہیں۔
انہی کوششوں کے باعث جھنگ میں جانی نقصان نہ ہونے کے برابر رہا اور مالی نقصانات میں بھی نمایاں کمی آئی۔
چیف آفیسر نے مزید کہا کہ ضلع کونسل جھنگ کے تمام افسران و ملازمین نے اپنی محنت، لگن اور خدمتِ خلق کے جذبے سے تاریخ رقم کر دی ہے، یہ خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان ملازمین کو آئندہ بھی مثال کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر تمام آفیسران و ملازمین کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +