’’افواجِ پاکستان… فولاد کے ہاتھ، شیر کا دل‘

’’افواجِ پاکستان… فولاد کے ہاتھ، شیر کا دل‘‘

آج کے عنوان پر آپ بلاشبہ صفحات کے صفحات لکھ سکتے ہیں مگر میں اس موضوع پر سمندر کو کوزے میں بند کرنے کی ناکام جسارت کروں گا کیونکہ پوری دنیا نے دیکھا کہ افواج پاکستان نے بلا وجہ اوقات سے باہر ہونے والے اپنے دشمن ملک کے ساتھ کیا کیا اور اسے دوسرے ممالک کے لیے بھی سبق آموز بنا دیا۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ زمینِ پاک کوئی عام خطہ نہیں، یہ ان شہیدوں کے خون سے سینچا گیا خطہ ہے جو دشمن کی گولی کا سینہ تان کر جواب دیتے ہیں۔ یہ پاکستان ہے، جس کی فضاؤں میں اذان، مٹی میں غیرت، اور افواج میں وہ طاقت ہے جس کا مقابلہ دنیا کی کوئی سپر پاور نہیں کر سکتی۔

الحمدللہ! افواجِ پاکستان نے ایک بار پھر قوم سے کیا گیا وعدہ نبھایا۔ بھارتی جارحیت کے جواب میں ’’آپریشن بنیانِ مرصوص‘‘ صرف ایک فوجی کارروائی نہیں بلکہ دشمن کے غرور کو کچل دینے والا ایک ناقابلِ فراموش باب ہے۔ 6 اور 7 مئی کو بھارت نے آزاد کشمیر کی نہتی سویلین آبادی کو نشانہ بنا کر اپنی وحشیانہ فطرت کا ایک اور مظاہرہ کیا۔ ماؤں کی گود اجاڑی، بچوں کے جسم چھلنی کیے اور بوڑھوں کو بے رحم گولوں کی آگ میں جھونک دیا۔
مگر بھارت شاید یہ بھول گیا تھا کہ وہ پاکستان کو للکار رہا ہے، وہ قوم جس کی رگوں میں محمد بن قاسم، ٹیپو سلطان، اور میجر عزیز بھٹی کا خون دوڑتا ہے۔

اسی لیے بھارتی سرکار کی چالاکی، عیاری اور مکاری کا بھرپور جواب دینے کے لیے پاکستان آرمی نے آپریشن بنیانِ مرصوص شروع کرتے ہوئے دشمن کی چتا جلا دی۔
پاک فوج نے بے مثال حکمت عملی اور بجلی کی رفتار سے کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 26 اہم ترین فوجی مراکز کو راکھ میں بدل دیا۔ اڑی نیٹ ورک اسٹیشن، پونچھ راڈار، بارہ مولہ آرٹلری بیس، راجوری، نوشہرہ، پٹھان کوٹ، سامبا اور کنال جیسے محفوظ سمجھے جانے والے فوجی مراکز ملبے کا ڈھیر بن گئے۔
بھارتی فوج کا غرور، اس کے اربوں ڈالر کے رافیل طیارے، جدید روسی S-400 سسٹم اور امریکہ سے حاصل شدہ ڈرونز، سب کچھ ایک لمحے میں ناکارہ ہو کر رہ گئے۔ وہ رافیل طیارے جو زمین کو چھونے سے پہلے دشمن کی ہڈیاں توڑنے کے دعوے کرتے تھے، باندھ کر کھڑے رہے۔ ایس-400، جسے بھارت ناقابلِ شکست دفاعی نظام سمجھتا تھا، وہ پاکستان کے میزائلوں کو نہ روک سکا، نہ دیکھ سکا۔ دشمن صرف ہکا بکا نہ تھا، وہ خاک چاٹ رہا تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک جنگ کے محاذ پر بھی بھارتی سائبر نظام زمین بوس کرتے ہوئے پاکستانی سائبر وارفیئر نے زبردست کردار ادا کیا۔ درجنوں بھارتی سرکاری، دفاعی اور حساس ویب سائٹس بند ہو گئیں۔ دشمن کو نہ رابطہ رہا، نہ ردعمل۔ انٹرنیٹ کے ذریعے فوجی افسران کے درمیان رابطہ منقطع ہو گیا، اور بھارتی الیکٹرانک سسٹم تکنیکی اندھے پن کا شکار ہو گیا۔ یہ پاکستان کی خاموش فتح تھی، جو دشمن کے حواس پر بجلی بن کر گری۔
نریندر مودی، جو خود کو دنیا کا سب سے بڑا لیڈر سمجھتا ہے، اس کا اصل چہرہ ایک بار پھر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔ نہ صرف فوجی محاذ پر اسے شرمندگی ملی بلکہ بھارتی عوام، اپوزیشن اور میڈیا نے بھی اسے آڑے ہاتھوں لیا۔ سوشل میڈیا پر جلتے راڈار، ٹوٹے رافیل اور ماتم کرتی فوج کی تصاویر وائرل ہو گئیں۔ پارلیمان میں سوال اٹھے: “کیا یہی وہ ‘نیا بھارت’ ہے جو صرف باتوں میں شیر اور میدان میں بلی ثابت ہوا؟”
مودی کے فاشسٹ نظریے نے بھارت کو نہ صرف عالمی سطح پر تنہا کیا بلکہ اپنے عوام میں بھی ذلیل و رسوا کر دیا۔ جھوٹے بیانیے، جعلی فخر اور اقلیت دشمنی پر مبنی اس حکومت کا اصلی چہرہ اب ہر ہندو، سکھ، عیسائی اور مسلمان کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

افواجِ پاکستان ہماری طاقت اور ہمارا فخر ہیں اور الحمد اللہ ہماری افواج صرف بندوق نہیں اٹھاتیں، یہ غیرت کی مشعل بھی اٹھاتی ہیں۔ ان کی وردی صرف ہتھیاروں کی پہچان نہیں، یہ شہادت کی علامت بھی ہے۔ ہر فوجی کا قدم دشمن کے لیے قیامت، اور قوم کے لیے رحمت ہے۔ دشمن جب وار کرتا ہے، تو ہم جواب نہیں دیتے، ہم انجام دیتے ہیں!

یہ صرف جنگ نہیں، ایک اعلان تھا کہ’’ہم امن کے داعی ضرور ہیں، مگر غیرت کے سوداگر نہیں۔ سرحد پار سے کوئی میلی آنکھ اٹھے گی تو ہم اس آنکھ کو نشان عبرت بنا دیں گے۔‘‘

سلام ہے ان شہیدوں کو جنہوں نے مٹی کے لیے لہو بہایا، اور سلام ہے ان جوانوں کو جنہوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ افواجِ پاکستان ہمارے دل کی دھڑکن ہیں، ہماری آنکھ کا نور اور قوم کی ڈھال ہیں۔

پاکستان زندہ باد
افواجِ پاکستان پائندہ باد
مودی سرکار شرمندہ باد

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں